عمران خان منگل کو پشاور میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔معاون خصوصی برائے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان حقیقی آزادی کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں اور عوام کی خاطر امپورٹڈ حکومت کے خلاف تحریک شروع کر رکھی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی جب بھی کال دیں گے کارکن پہنچیں گے۔ عمران خان منگل کو پشاور میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز اطلاع سیل پشاور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر انصاف یوتھ ونگ مینا خان، انصاف ٹریڈرز ونگ کے صدر عاطف حلیم اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر سہیل آفریدی سمیت دیگر پارٹی عہدیدار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت ملکی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے۔ امپورٹڈ وزیراعظم کی آڈیو لیکس نے نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے جو کہ اس حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ آڈیو لیکس نے ثابت کیا کہ امپورٹڈ حکومت سازشوں میں مصروف ہے۔ معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ عمران خان حقیقی آزادی کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں ملک بھر میں جلسے کر رہے ہیں۔ ان جلسوں کی کامیابی کی وجہ عوام کا عمران خان پر اعتماد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کل پشاور کا دورہ کریں گے جہاں وہ انصاف علماء کنونشن، انصاف ٹریڈرز ونگ اور یوتھ ونگ و انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پروگراموں میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی اشارے کے انتظار میں نہیں ہے۔ تحریک انصاف نے عوام کی خاطر امپورٹڈ حکومت کے خلاف تحریک شروع کر رکھی ہے اور عمران خان جب بھی کال دیں گے تو کارکن پہنچیں گے۔ پریس کانفرنس سے انصاف یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مینا خان اور انصاف ٹریڈرز ونگ کے صوبائی صدر عاطف حلیم نے بھی خطاب کیا اور ملک میں مہنگائی کی بلند ترین شرح اور معیشت کی تباہی کو امپورٹڈ حکومت کی ناتجربہ کاری اور نااہلیت قرار دیا۔