پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا ہے کہ موجودہ نا اہل اور کرپٹ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا ہے،نیب کے قوانین میں ترامیم کرکے ایمپورٹڈ حکومت نے 11سو ارب کی چوری کی، پاکستانی عوام کا پیسہ ہڑپ کر لیا، پی ٹی ائی کے دور حکومت کے مقابلے میں مہنگائی میں 125فیصداضافہ ناقابل برداشت ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تخاشا اضافے نے عوام کی نیندیں حرام کر دی ہیں اگر پی ٹی ائی کی حکومت دوبارہ بر سراقتدار آئی تو ان بڑے چوروں کو مختلف چوکوں میں پھانسی پر لٹکا دینگے اور پاکستانی قوم کے خون پسینے کی کمائی ان سے واپس نکال کر دم لیں گے،16اکتوبر کو مولانا اور ان کے کارندوں کو عبرتناک شکست دیں گے اور پختونوں کے نام نہاد علمبرداروں کا جنازہ نکال کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل تخت بھائی میں مہنگائی کے خلاف ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے ایم این ایز علی محمد خان اور مجاہد خان، صوبائی اسمبلی کے ممبران عبد السلام خان،طفیل انجم خان، افتخار علی مشوانی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق ضلع ناظم احتشام خان ایڈوکیٹ،تخت بھائی بار کے صدر ندیم شاہ ایڈوکیٹ، عادل نواز خان اور سیف الرحمان خان کے علاوہ درجنوں رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پرمقررین نے موجودہ حکومت کو ایمپورٹڈ اور ناکام حکومت قراردیا،ملک میں ہوشربا مہنگائی، معاشی بدحالی،بے روزگاری،بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ پر مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے ان پارٹیوں کو ستر سال آزمایا ہے اور پاکستان آج جس مقام پر کھڑاہے یہ سب ان پارٹیوں کا کرادھراہے اس کے باوجود ان ناکام سیاسی اور موروثی پارٹیوں کو ایک بارپھر پاکستان کے غریب عوام پر مسلط کردیا۔اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست میں حصہ لے کر پاکستان کے عوام کو شعوراور ذہنی بیداری دی اور پہلی بار ان چوروں، لٹیروں اور اُن کے پس پردہ قوتوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا۔اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نہ صرف اب پاکستانی عوام کے دلوں کی دھڑکن بن گئے ہیں بلکہ بیرونی دنیا میں بھی وہ ایک قدآور سیاست دان اور لیڈرکے طورپر مانے جاتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ موجودہ ایمپورٹڈ اور مسلط کردہ حکومت کے خلاف چیئرمین عمران خان آخری راونڈ کھیل رہے ہیں اور پاکستان کے غیورعوام اُن کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جب بھی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آبادکی طرف لانگ مارچ کی کال دی تو پی ٹی آئی کارکن اور عوام سرپر کفن باندھ کر نکل پڑیں گے اور اس سیلاب کو پھرکوئی بھی قوت روک نہیں سکے گی۔اُنہوں نے احتجاجی ریلی میں بڑی تعدادمیں کارکنوں اور برادرتنظیموں کے ارکان کی شرکت پر تمام تنظیموں کے رہنماوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔