محکمہ اینٹی کرپشن حکام اہداف کے حصول کیلئے منظم و مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی زبیر خان

محکمہ اینٹی کرپشن حکام کو ضم اضلاع میں بھی ذیلی دفاتر قائم و فعال بنانے کیلئے ھدایات جاری

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے محکمہ عملہ و ممبر صوبائی اسمبلی زبیر خان نے کہا ہے کہ بدعنوانی و اقرباء پروری کا خاتمہ کرنے سمیت شفاف و منصفانہ نظام کو قوی تر بنانا صوبائی حکومت کا بنیادی منشور ہے۔ انہوں نے محکمہ اینٹی کرپشن حکام کو مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے منظم و مربوط حکمتِ عملی یقینی بنانے سمیت ضم اضلاع میں بھی ذیلی دفاتر قائم و فعال بنانے کیلئے ھدایات جاری کیں۔یہ ھدایات انہوں نے گزشتہ روز اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں محکمہ عملہ کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کی خصوصی شرکت کرنے سمیت ممبرانِ کمیٹی و اراکینِ صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی، شگفتہ ملک اور ایم پی اے ثوبیہ شاھد کے علاؤہ سپیشل و ایڈیشنل سیکرٹریز محکمہ عملہ، ایڈیشنل و ڈپٹی سیکرٹریز محکمہ انتظامیہ، ڈپٹی سیکرٹری فنانس، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جبکہ سیکشن آفیسر محکمہ قانون و دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر حکام نے محکمہ اینٹی کرپشن کی ساخت، طریقہ کار، اٹھائے گئے اقدامات اور اہداف کی حصولی میں درپیش مسائل کے بارے میں اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں محکمہ انٹی کرپشن خیبرپختونخوا میں خالی تمام آسامیوں پر فوری طور پر بھرتیاں کرانے سمیت اگلے کمیٹی اجلاس میں محکمہ انتظامیہ و فنانس کے سیکرٹریز سمیت ڈپٹی کمشنر پشاور و دیر جبکہ ڈائریکٹر محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو بھی بلانے پر اتفاق کیا گیا۔چیئرمین کمیٹی زبیر خان نے محکمہ عملہ و اینٹی کرپشن کا انسدادِ بدعنوانی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ہزارہ ڈویژن کا دورہ کرنے کیلئے اسمبلی انتظامیہ کو امور استوار کرنے کے لیے احکامات بھی جاری کیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔