چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے تمام متعلقہ محکمے مربوط اقدامات اٹھائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ڈینگی وائرس روک تھام بارے میں اجلاس سول سکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، ڈائریکٹر پی ایم آر یو، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ امسال 5264 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پچھلے چھ ہفتوں میں مردان، پشاور، ہری پور، خیبر، نوشہرہ میں زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ تمام ہائی رسک اضلاع میں فوگنگ اور لاروا کش سپرے کئے جا رہے ہیں اور ملٹی سیکٹورل اپروچ کے تحت تمام متعلقہ محکمے ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے سرگرم ہیں۔اسی طرح صوبے بھر کے ہسپتالوں میں 1215 بیڈز ڈینگی کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو مزید ہدایت کی کہ ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے مربوط کوششیں کی جائیں۔ہائی رسک اضلاع میں ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر لازمی کیا جائے۔