وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے چارسدہ میں تحریک انصاف کے کامیاب جلسے پر کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج چارسدہ کے عوام نے عمران خان کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے، پی ڈی ایم کی 13 جماعتیں مل کر بھی چارسدہ میں ایسا جلسہ نہیں کر سکتیں۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام ضمنی الیکشن اور آئندہ آنے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف اور عمران خان پر ہی اعتماد کا اظہار کریں گے، چارسدہ میں آج کے تحریک انصاف کے جلسے میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت نے ثابت کر دیا کہ چارسدہ تحریک انصاف کا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ چارسدہ کے عوام کا عمران خان کے حق میں فیصلہ پی ڈی ایم جماعتوں اور امپورٹڈ حکومت کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں، امپورٹڈ حکومت پہلے ہی عمران خان کی عوامی مقبولیت سے خائف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ کے اس حلقے سے عمران خان کے مقابلے میں ایک سیاسی نابالغ الیکشن لڑ رہا ہے جسے خواب میں بھی کامیابی نہیں ملنی، اس سیاسی نابالغ کو سیاست سے قبل تمیز کی تربیت حاصل کرنی چاہیے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ متعصبانہ سیاست کو فروغ دیا ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کامیاب جلسے پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور چارسدہ کے غیور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عوام کی امیدیں عمران خان سے وابستہ ہیں کیونکہ تحریک انصاف ہی عوام کو درپیش مسائل کاحل اور ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔