مردان ( ) جشن آزادی کے سلسلے میں ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔کمپنی کی جانب سے فلیگ مارچ اور جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ کمپنی کے ہیڈ آفس کو برقی قمقوں ا ور پاکستانی پرچم سے سجایا گیا۔ اسی طرح شہر کے اہم مقامات پربینرز بھی آویزاں کر دیے گئے۔جشن آزادی کے سلسلے میں مرکزی تقریب کمپنی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی جس میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجنیئر امیر خان مہمند مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے سینیٹشن سٹاف کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا۔اس موقع پر ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔فلیگ مارچ کے شرکاء کالج چوک سے بینک روڈ،خواجہ گنج بازار،شہیدانوں بازار،چاٹو چوک اور شمسی روڈ سے ہوتے ہوئے مردان نوشہرہ روڈ پہنچے۔فلیگ مارچ کی قیادت جنرل منیجر آپریشنز انجنیئر محمد خلیل اکبر کررہے تھے۔فلیگ مارچ میں کمپنی کے تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں نے حصہ لیا اور گاڑیوں کو پاکستانی پرچم سے سجایا گیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انجنیئر امیر خان مہمندنے کہاہے کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش و جزبے کے ساتھ مناتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس دن کو صرف منانے تک محدود نہیں رکھنا چاہیئے بلکہ یہ دن ہمیں وہ یاد دلاتا ہے کہ جس طرح ہمارے آبا و اجداد نے پاکستان کو آزاد کرنے کے لئے قربانیاں دی ہیں اسی طرح ہمیں بھی اس عزم کا اظہار کرنا چاہیئے کہ ملک کی ترقی و استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم محدود وسائل میں مردان کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی،صفائی اور نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہم کرنے ساتھ ساتھ ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے بھی کوشاں ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اس دن کے موقع پر ہمارے ساتھ یہ عہد کریں کہ مردان کو صفائی کے حوالے سے ماڈل شہر بنانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔