وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، شہری علاقوں میں بارش کا سلسلہ رکتے ہی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تمام انتظامی اداروں، پولیس، ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا کو ایک مثالی صوبہ بنا دیا ہے، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ذرا سی بارش کے بعد شہر تالاب کا منظر پیش کرتا ہے اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال اور دیگر اضلاع میں روڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ شاہراہِ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، صوبائی حکومت کی ہدایات پر پی ٹی ایم اے انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں، انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، متاثرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع 1700 پر دے سکتے ہیں۔