وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی براہ راست نگرانی میں پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ امدادی کارروائیوں میں اشیاخوردونوش، علاج معالجے کی سہولیات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔ تین اضلاع ٹانک، لکی مروت اور سوابی میں سیلابی ریلے کی وجہ سے کچے گھروں کو نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے کمبل, پلاسٹک میٹس، گیس سلنڈرز، حفظان صحت کا سامان، واٹر کولر، کچن کٹس، پانی کی نکاسی کی مشینیں اور دیگر ضرورت کا سامان فراہم کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے لیے میڈیکل ٹیمز بھی بھیجی گئی ہیں، اب تک 150 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ربر بوٹس، بیلچے، ہاتھ گاڑیاں، لائف جیکٹس، الیکٹرک سرچ لائٹس اور دیگر ضروری سامان بھی مہیا کیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے لئے 24/7 ہیلپ لائن نمبر 1700 بنایا گیا ہے جس پہ عوام ہنگامی صورتحال میں اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔