چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری، صوبائی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری توانائی، کمشنر پشاور اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کنڈوں کے تدارک اور غیر قانونی کنکشنز کیخلاف صوبے بھر میں کاروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ بجلی سے متعلق تمام  مسائل کے حل کے لئے قائم صوبائی ٹاسک فورس اور ضلعی عملدرآمد کمیٹیوں کو فعال کیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے پیسکو حکام کو لوڈ شیڈنگ میں کمی کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر پیسکو حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہا کہ تکنیکی مسائل پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے غیر قانونی کنکشنز اور بجلی چوری کیخلاف مہم میں بھرپور تعاون کے لئے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ پیسکو حکام کا ساتھ دیکر کنڈا گروپ کے خلاف سخت  قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے غیرقانونی کنکشنز لینے والے اور دیگر طریقوں سے بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف پیسکو کیساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔