پاکستان الائنس فار میتھس اینڈ سائنس اور محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے باہمی اشتراک سے خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع سوات، ایبٹ آباد،پشاور، اورکزئی اور خیبر میں جاری دو سالہ پائلٹ پراجیکٹ “تعمیر “مکمل ہوا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی تھے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ کہ پراجیکٹ تعمیر ہر لحاظ سے ایک کامیاب پائلٹ پراجیکٹ تھا۔ طلباء کی ذہنی استعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ سائنس اور میتھس کے مضامین میں بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔ 5 اضلاع کے منتخب 20 مڈل اور ہائی سکولوں میں جاری اس پراجیکٹ میں طلباء کو STEM ایجوکیشن پڑھایا گیاجبکہ تھیوری کے ساتھ ساتھ بچوں کو پریکٹیکل بھی کرائے گئے۔ تاکہ رٹہ سسٹم کا خاتمہ کرکے طلباء کے کنسیپٹ کو بہتر بنایا جا سکے۔ شہرام خان ترکئی نے مزید کہا کہ ہمارے طلباء وطالبات میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہوں نے ہر فیلڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکولوں میں باقی ماندہ سہولیات کی فراہمی میں پر گزشتہ نو سالوں کے عرصے میں اربوں روپیکی کثیر رقم خرچ کی گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اب ہماری تمام تر توجہ کوالٹی ایجوکیشن پر ہے اور اس سلسلے میں صوبے کے تمام اسکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن کی مزید بہتری کے لیے تقریبا 3 ہزار سکول لیڈر بھرتی کئے جا رہے ہیں ہیں جن کا کام سکولوں میں درس وتدریس کے نظام میں مزید بہتری اور جدت لانا ہوگا انھوں نے کہا کہ حالیہ جاری شدہ سروے رپورٹ میں خیبر پختونخوا کے کوالٹی ایجوکیشن میں بہت بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی استعداد کار کومزید بڑھانے کے لئے ان کو ڈائریکٹریٹ اف پروفیشنل ڈویلپمنٹ میں دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ طلبا و طالبات کی مزید بہتر رہنمائی کر سکیں۔ شہرام خان ترکئی نے پراجیکٹ “تعمیر” پائلٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور سائنس ٹیچرز کو شاباش دی اور ان میں توسیفی اسناد اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ STEM ایجوکیشن دور جدید کی ضرورت ہے اور اس پراجیکٹ کو صوبے کے دیگر اضلاع تک تو سیع بھی دی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے جاری اقدامات کے حوالے سے کہا کہ اساتذہ کی کمی پر قابو پانے کیلئے ضرورت کے مطابق عارضی بنیادوں پر بذریعہ پیرنٹس ٹیچرز کونسل اساتذہ بھرتی کر رہے ہیں۔ تاکہ طلباؤطالبات کو ہر وقت استاد میسر ہوں اور اساتذہ کی چھٹی، ریٹائرمنٹ یا تبادلے کی صورت میں کوئی بھی کلاس روم بغیر استاد کے نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہولیات کی فراہمی میں ہم نے تقریبا 3 ارب روپے کی لاگت سے سکولوں کو فرنیچرمہیا کیا ہے جبکہ امسال مزید 3 ارب روپے کا فرنیچر سکولوں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ صوبے میں کوئی بھی بچہ ٹاٹ پر نہ بیٹھے۔