خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے متعلقہ حکام کو صوبے میں انصاف فوڈ کارڈ کے اجراء کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف فوڈ کارڈ سے مستحق خاندانوں تک بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیم کے تحت دس لاکھ مستحق خاندانوں تک فوڈ کارڈز کے ذریعے ماہانہ 2100 روپے نقد فراہم کیے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ خوراک کی کارکردگی سے متعلق پیشرفت بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر کو محکمہ خوراک کی ڈیجٹائزیشن کے حوالے سے پیش رفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا تھا کہ محکمہ کی ڈیجٹائزیشن سے شفافیت کو فروغ سمیت محکمہ کے مختلف امور میں آسانی اور بہتری آئیگی۔ اجلاس میں وزیر خوراک عاطف خان کو گندم کی خریداری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ انصاف فوڈ کارڈز کے لئے کارڈز کی تیاری پر کام جاری ہے، اور بہت جلد مستحق خاندانوں میں اس کی تقسیم کا عمل بھی شروع کردیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستحق خاندانوں میں پروگرام کے تحت دس لاکھ اے ٹی ایم کارڈز تقسیم کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف فوڈ کارڈز میں 64 فیصد بیواؤں کو جبکہ باقی 36 فیصد دیگر مستحق خاندانوں کو کارڈ جاری کئے جائینگے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمہ خوراک کے اگلے سال کے مجوزہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ عاطف خان کا کہنا تھا کہ عوام تک ریلیف پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔