قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر اور خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے تدریسی ہسپتال باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں قائم نئے ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کیا۔ شعبہ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی اور برن یونٹ 53بیڈز پر مشتمل ہے جس میں 7بیڈز برن آئی سی یو کے لئے مختص کی گئی ہیں، سابق اسپیکراور وزیر تعلیم نے نئی تعمیر ہونے والی شعبہ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کام کے معیار کو تسلی بخش قرار دیا۔ ہسپتال ڈایریکٹر ڈاکٹر امجد محبوب نے شعبہ ایمرجنسی کے حوالے سے وفد کو بریف کیا اور ایمرجنسی میں دی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے یونٹ میں ایمر جنسی کے علاوہ برن آئی سی یو کی سہولت بھی میسر ہوگی، نئی ایمر جنسی میں آئی سی یو، سی سی یو، ایکسرے، سٹی اسکین، لیبارٹری، ایکسیڈینٹ اینڈ ایمرجنسی یونٹ، مائکرو بیالوجی لیب، اپریشن تھیٹرز، پیڈیاٹرک اور ٹرامہ یونٹ کی سہولیات بھی موجود ہوگی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق اسپیکر اسد قیصر نے بتایا کہ صوبائی حکومت صحت اصلاحات کے تحت ضلعی سطح پر ہسپتالوں کو جدید آلات کی فراہمی سمیت انہیں جدید تقاضوں کے مطابق کرنے کے لئے کوشاں ہیں تاکہ عوام کوصحت کی بہترین سہولیات انکی دہلیز پر میسر ہوانہوں نے بتایا کہ بہت جلد ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال کو بھی ایم ٹی آئی کا درجہ دیا جائے گا جبکہ وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال پر کام تیزی سے جاری ہے جس سے ضلع صوابی کو میڈیکل سٹی بنانے میں مدد ملے گی انہوں نے بتایا کہ بہت جلد صحت اصلاحات کے تحت صوابی کوصحت کے حوالے سے ماڈل اور میڈیکل سٹی بنائیں گے۔ رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ آف گورنرز، انتظامیہ اور تمام اسٹاف کا بہترین سروسز فراہم کرنے پر انکی تعریف کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے بتایا کہ صوبائی حکومت کا ہسپتالوں کے ساتھ تعاون ہر وقت جاری رہے گا ۔ بعدازاں ہسپتال کے کانفرنس روم میں ایک اجلاس بھی منعقد ہو ا جس میں بی او جی ممبرز اورانتظامیہ نے وفد کو ہسپتال میں دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریف کیا، وفد نے ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور ہرقسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ افتتاحی تقریب میں ایم پی اے عبدالکریم، ناظم تحصیل صوابی عطا ء اللہ اور بورڈز آف گورنرز کے ممبران کے علاوہ ڈین جی کے ایم سی اور میڈیکل ڈایریکٹر نے شرکت کی۔