وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر صنعتی زونز میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی سے متعلق مسائل اور تحفظات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر KPEZDMC جاوید خٹک، انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کے نمائندوں اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے مختلف مسائل اور تجاویز پر غور کیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت نے چیلنجز پر قابو پانے اور تحفظ ماحولیات سے متعلق بہتر حل کی نشاندہی کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان وسیع تر تعاون اور اشتراک پر زور دیا۔ اجلاس میں کمیٹی کا اگلا اجلاس کل بروز منگل KPEZDMC کے دفتر میں منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ اس مسئلہ کو باہمی افہام وتفہیم سے حل کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ کنسلٹنٹ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی جو کہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل اور سفارشات پیش کریں گے اور اس پر عمل درآمد کے لیے طریقہ تیار کیا جائے گا،اس موقع پر انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے وہ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں اور صوبے میں ماحولیاتی تحفظ کی ضروریات اور اپنی صنعتوں میں جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز کے استعمال کے حوالے سے انوائرمنٹیل پروٹیکشن ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں گے۔