خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے کے 1181 سکولوں میں سیکنڈ شفٹ سکولز پروگرام جاری ہے جس کے لیے پیرنٹ ٹیچرز کونسل کے ذریعے 4655 اساتذہ جبکہ 1049 منسٹریل سٹاف کو بھی میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکنڈ شفٹ سکولز پالیسی اور بذریعہ پیرنٹس ٹیچرز کونسل اساتذہ کی عارضی بھرتی کے ذریعے اب ہر بچے کو تعلیم کی سہولت میسر ہوگی۔ شہرام خان ترکئی نے ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی حکام کو ہدایت کی کہ سیکنڈ شفٹ سکولز کے اساتذہ اور طلبا وطالبات کی پراگرس رپورٹ اگلے ہفتے پیش کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر ان سکولوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے سیکنڈ شفٹ سکولز کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ سیکرٹری ایجوکیشن معتصم باللہ شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز اشفاق احمد اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے ایجوکیشن حکام کو مزید ہدایت کی کہ صوبے کے باقی اضلاع میں اور جہاں کہیں بھی ضرورت ہو فیز 5 کے تحت مزید سکولوں کو بھی سیکنڈ شفٹ سکولز کے پروگرام میں شامل کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں لڑکوں اور لڑکیوں کو یکساں مواقع دیے جارہے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کی نعمت سے محروم نہ رہے۔ صوبائی وزیر تعلیم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ذریعے مختلف اضلاع میں اساتذہ کی تعنیاتی مکمل کر لی گئی ہیں اور اسکولوں میں درس و تدریس کا عمل جاری ہے وزیر تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت کی کہ سیکنڈ شفٹ سکولز حکومت کا بہترین منصوبہ ہے جو کہ آؤٹ آف سکول بچوں کو راغب کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور سربراہان ایسے تمام بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں جو کسی مجبوری کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کر پا رہے یا پھر انہوں نے تعلیم ادھوری چھوڑدی ہو۔