وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران خان بنگش نے جمعرات کے روز پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن خالد مقبول صدیقی کو ان کے دورہ پشاور کے موقع پر روایتی پشاوری شال اور شیلڈ بطور سوئنیئر پیش کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خالد مقبول نے معاون خصوصی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پشتونوں جیسی مہمان نوازی آپ کو دنیا میں کہیں بھی نہیں ملے گی، اور اسی پیار ومحبت کی وجہ سے انسان مجبور ہوجاتا ہے کہ ہر دفعہ اس صوبے کے لوگوں سے ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا آئی ٹی کے حوالے سے بہت آگے نکل چکا ہے، جو حقیقی تبدیلی کی مثال ہے۔ واضح رہے کہ معاون خصوصی کامران بنگش نے قبائیلی اضلاع کے لئے براڈ بینڈ انٹرنیٹ سہولت مہیا کرنے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر خالد مقبول کو خصوصی پروٹوکول کے ساتھ خوش آمدید کہا اور ان کو خیبرپختونخوا میں محکمہ سائنس و آئی ٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ خالد مقبول نے ماڈل آئی ٹی سٹی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ایسے منصوبوں کو ملکی سطح پر فروغ دینا چاہتی ہے کیونکہ یہی ماڈل ایک بہترین ماڈل ہے۔