خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ٹھیکوںاور خریداری کے سارے عمل کو ہر ممکن حد تک صاف اور شفاف بنانے کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر اگلے مالی سال کے آغاز سے تمام سرکاری محکموں کے ٹھیکوں اور خریداری سے متعلق تمام مراحل اور امور کو آن لائن کرنے کے لئے سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے اس مقصد کے لئے تمام درکار خصوصیات کا حامل جدید طرز کا ایک نیا ای پروکیورمنٹ سسٹم تیار کر لیا ہے جو تمام صوبائی محکموں کی باہمی مشاورت اور سرکاری خریداری کے لئے ان کی مخصوص ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت تمام سرکاری محکموں کے ٹھیکوںاورخریداری کے جملہ امورکو آن لائن کرنے کے لئے ای پروکیورمنٹ سسٹم متعارف کروانے سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت پہلے ہی سے تعمیراتی محکموں میں ٹھیکوں کے لئے ایک محدود پیمانے پر ای بڈنگ اور ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کراچکی ہے تاہم سرکاری محکموں میں آشیا کی خریداری اور خدمات کے حصول کے لئے روایتی طریقہ کار چل رہا ہے۔ اس ای پروکیورمنٹ سسٹم کے نفاذ سے تمام سرکاری محکموں میں ٹھیکوں کے ساتھ ساتھ آشیا کی خریداری اور خدمات کے حصول کا سارا عمل بھی آن لائن ہوجائے گا جس میں ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ، ای ورک آرڈر، ای پیمنٹ، آن لائن رجسٹریشن اور دیگر امور شامل ہیں۔ نئے مالی سال کے آغاز سے صوبائی حکومت کے تمام سرکاری محکمے ٹھیکوں اور خریداری کے سارے معاملات ای پروکیورمنٹ سسٹم کے تحت انجام دینے کے پابند ہونگے جس کے بعد ای پروکیورمنٹ سسٹم کو صوبائی حکومت کے خود مختار اداروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔