وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایت پر سب ڈویژن بیٹنی ضلع لکی مروت کا دورہ کیا اور ضم شدہ اضلاع کی تیز تر ترقی (اے آئی پی) کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے عوامی مشاورتی پروگرام میں شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس میں رکن قومی اسمبلی مفتی عبدالشکور خان اور اراکین صوبائی اسمبلی ہشام انعام اللہ خان اور شعیب خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیراعلی ریاض خان نے کہا کہ مشاورتی اجلاس کے انعقاد کا مقصد پروگرام اے آئی پی کے دوسرے مرحلے کے منصوبوں کے آغاز کے لئے مقامی مشران سے تجاویز لینی ہیں اور اسکی روشنی میں ترقیاتی عمل مزید تیز کرنا ہے انھوں نے کہا کہ تیز تر ترقی پروگرام کے تحت سب ڈویژن بیٹنی کی تمام محرومیوں کا ازالہ کریں گے، انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں موجودہ حکومت  ضم علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس سلسلے میں علاقے میں بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے خصوصی  اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں انھوں نے کہا کہ ضم آضلاع میں اے آئی پی اور اے ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جسکی تکمیل سے علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائیگا حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے انکا کہنا تھا کہ صحت کارڈ، احساس کفالت پروگرام، کسان کارڈ سے لاکھوں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔