خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و پارلیمانی امور شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو بھر پور سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔اوورسیز پاکستانی ہمارے اثاثہ ہیں اور انکی سرمایہ کاری سے ہمارے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔کالام اور مالم جبہ سے منسلک دو مختلف سڑکوں کی تعمیر سے شانگلہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں سیف ایسوسی ایٹس کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اور پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر فخر زمان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔بیرسٹر سیف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں ایسے پراجیکٹس کا لانچ ہونا خوش آئیند بات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی وژن کے مطابق ٹررزم سے ٹورزم کی طرف ملک کو ترقی کی طرف لے جائیں گے۔صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فخر زمان ہمارے ہیرو ہیں اور ہمیں اپنے ہیروز پر فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بہترین سیاحتی مقامات موجود ہیں جس پر توجہ دیکر سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شانگلہ ایک قدرتی سیاحتی مرکز ہے اور سیف پراجیکٹس کو شانگلہ میں سرمایہ کاری کیلئے دعوت دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس سال شانگلہ کا دورہ کریں گے۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ماضی میں سرمایہ کار دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خوف سے یہاں کا رخ نہیں کرتے تھے اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائیم ہونے کے بعد سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریگی۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سرمایہ سے ملک کی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ حکومت تفریحی مقامات پر سہولیات فراہم کریگی اور شانگلہ میں پانچ نئے سیاحتی مقامات کیلئے سڑکوں کی منظوری ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے پراجیکٹس سے حکومت کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور حکومت ہر ممکن حمایت کریگی۔