خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں معدنیات کے شعبے کو جد ید خطوط پر استوار کرنے اور معدنی مصنوعات کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار ی کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر مائنز اینڈ منرلز ڈویلپمنٹ کمپنی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے قانون کا مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے ۔ یہ بات منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ معدنیات اور معدنی ترقی کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمد زئی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منرل ڈویلپمنٹ کمپنی کے قیام کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں معدنی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنا کر صوبے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ صوبے میں پائی جانے والی قیمتی معدنیات سے بھر پور استفاد ہ کرنے کیلئے نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی اقدامات اُٹھائے جائیں اور اس مقصد کیلئے نجی کمپنیوں سے اشتراک کار کیلئے طریقہ کاربھی وضع کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ نجی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کیلئے تمام محکموں کی طرف سے این او سیز کے اجراءسمیت دیگر خدمات کی ایک ہی چھت تلے فراہمی کیلئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر اس شعبے کو فروغ دیا جا سکے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام محکموں کی طرف سے سرمایہ کاروں کو این او سیز کے اجراءکیلئے ٹائم لائنز مقرر کی جائیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ معدنیات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرکے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے ۔