اسپییکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے وومین یونیورسٹی صوابی کے نئے کیمپس کوٹھا کا دورہ کرکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی کو پراجیکٹ کی راہ میں درپیش تمام مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر جتنی جلد ہو مکمل کریں تاکہ ہماری بچیاں اس یونیورسٹی میں آرام اور سکون کے ساتھ تعلیم سے مستفید ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی یہی اولین خواہش ہے کہ تعلیم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کریں۔ اسد قیصر نے صوبائی وزیر کامران خان بنگش کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کے حوالے سے اُن کی پالیسی قابل ذکر ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی جب تک اپنی عمارت نہیں ہوتی اس وقت تک بہترین تعلیم ایک خواب ہی رہتا ہے ۔ وومین یونیورسٹی صوابی کے پراجیکٹ کو مکمل کرنے میں صوبائی حکومت خاص دلچسپی لے رہی ہے اور اُن کی خواہش ہے کہ جلد ہی یہ پراجیکیٹ مکمل ہو اس حوالے سے انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ بہت جلد عمارت مکمل ہوجائے گی اور طلبات اس سے مستفید ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے اعلی تعلیم میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں، ہمارے ایک سال میں جتنی سکالرشپ طالبات کو دی گئی ہیں اتنی گزشتہ بیس سالوں میں بھی نہیں دی گئی۔