چیئرمین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی کوہاٹ ضیاء اللہ خان بنگش  نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے عوامی خدمات اور اطلاعات تک رسائی کے قوانین کے ذریعے عوام کوحکومتی مشینری تک براہ راست رسائی دی ہے اورتمام سرکاری و نیم سرکاری اداروں کوعوام کے سامنے جوابدہ بنادیاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخواکی عوامی مفادات کے قوانین کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز کوہاٹ یونیورسٹی کے افتخار حسین شاہ آڈیٹوریم میں رائٹ ٹوپبلک سروسز کمیشن خیبرپختونخواکے زیر اہتمام تیسری سہ ماہی کی بہتری کارکردگی کے تقریب تقسیم اسناد سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے چیف کمشنر رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن محمد سلیم خان نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پرکمشنر کوہاٹ ڈویژ ن محمد جاوید خان مروت،ڈپٹی کمشنرکوہاٹ محمد روشن محسود،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بشیر احمد،کمیشن اورسرکاری محکموں کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی قانون سازی کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف دینا ہوتاہے اوران قوانین کا اجراء اس طرف اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بنیادی قوانین سے متعلق عوامی سطح پر آگاہی وقت کی ضرورت ہے۔مہمان خصوصی کا کہناتھا کہ کمیشن کے دائرہ کارکو دیگرشعبوں تک وسعت دینے کی بھی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام کے دکھوں کا مداوا کیاجاسکے۔انہوں نے اس سلسلے میں پنشن کے معاملات کاخصوصی طورپرذکرکیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون شہریوں کو مقررہ مدت میں حکومتی خدمات کے حصول کا حق دیتاہے اورشہریوں کی شکایات کاازالہ بھی کرتاہے۔