مردان۔ کمشنر مردان ڈویژن سید عبد الجبار شاہ نے کہا ہے کہ ریونیو کورٹ کیسز کو جلد از جلد انصاف کی بنیاد پر نمٹائیں،اور سرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور دیانت داری سے کام لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ماہانہ ریونیو اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر مردان، ڈپٹی کمشنر صوابی ثناء اللہ خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان مجیب الرحمان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صوابی گوہر خان، اسسٹنٹ کمشنر مردان ثمن عباس، اسسٹنٹ کمشنر صوابی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو)نے اجلاس کو کورٹ کیسز، لینڈ ٹیکس ریکوری، زیر التواء انتقالات، سروس ڈیلیوری سنٹر کے مسائل اور پاکستان سیٹیزن پورٹل پر شکایات کی ڈسپوزل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر مردان ڈویژن نے کہا کہ تمام افسران اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور کورٹ کیسز کو جلد از جلد انصاف کی بنیادوں پر نمٹانے کی کوشش کریں، تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو۔ انہوں نے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر تسلی بخش ریکارکس پر ضلعی انتظامیہ مردان و صوابی کو شاباش دی۔ دریں اثناء کمشنر مردان کو بلدیاتی الیکشن 2021کے انعقاد اور الیکشن عمل کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر مردان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پر امن ماحول میں انعقاد اور سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں پولیس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو بھی مستعد ہونا پڑیگا اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔