وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش یوم دفاع کے دن کی مناسبت سے فرنٹیئر کانسٹبلری کے جوان شہداء عارف اللہ اور ایوب خان کے گھر گئے اور وہاں ان کے اہلخانہ سے ملے۔ اس موقع پر کامران بنگش نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں آج ہم شہداء کی قربانیوں کی بدولت آزاد ماحول میں جی رہے ہیں جبکہ شہداء کے اہلخانہ بھی سلام کے مستحق ہیں کیونکہ اپنے جگر کے ٹکڑوں کو وطن کے لئے قربان کرنا بہت بڑی قربانی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتیں بلکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ شہداء چاہے سویلین ہوں یا مسلح افواج کے، سب ہمارے لئے سرمایہ افتحار ہیں، آج کے دور میں کشمیر بھی ہم سے مالی، جانی اورنظریاتی قربانی کا تقاضا کرتا ہے جس کے لئے ہم ہر وقت تیار ہیں۔ حکومت پولیس اور مسلح افواج کے ساتھ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنارہی ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں آزاد فضاء میں بغیر خوف و خطر کے زندگی گزار سکیں۔واضح رہے کہ فرنٹیئر کانسٹبلری کے شہید نوجوان عارف اللہ ریگی پشاور میں دوران ڈیوٹی آئس سمگلنگ کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے شہید ہوگئے تھے، جبکہ جوان ایوب خان پھندو روڈ پر ایک سیاسی رہنما کے ساتھ حفاظتی ڈیوٹی پر موجود تھے جب نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کیا اور انہوں نے زبردست مقابلے کے بعد نامعلوم افراد کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے دونوں شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ چند لمحے گزارے اور شہید نوجوانوں کی بہادری کو سلام پیش کیا۔