وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پورکا کمشنر ڈیرہ اور آر پی او ڈیرہ کے ہمراہ شہر کی مختلف امام بارگاہوں اور تھلّوں کا دورہ۔ متولّیان اور اہل تشیع اکابرین سے ملاقات۔سیکورٹی امور کا جائزہ۔ متولّیان اور اہل تشیع اکابرین کی جانب سے انتظامات پر اظہار اطمینان۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈہ پور نے کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت اور ریجنل پولیس آفیسر فیروز شاہ کے ہمراہ شہر کی مختلف امام بارگاہوں اور تھلّوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور بنگش سمیت ضلعی انتظامیہ اور بڑی تعداد میں محکمہ پولیس کے افسران و اہلکار انکے ہمراہ تھے ۔ دورہ کے دوران ٹی ایم اے ڈیرہ کی جانب سے عاشورہ محرم کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیاجبکہ محکمہ پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے حوالے سے تفصیلات بھی بتائی گئیں ۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے انتظامات کے حوالے سے متولّیان اور اہل تشیع اکابرین سے دریافت کیا جس پر انہوں نے انتظامات اور سیکورٹی امور کے حوالے سے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس عاشورہ محرم کے سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں اورعاشورہ محرم کو عقیدت اور مذہبی جوش سے منانے کے سلسلے میں ہر قسم کا تعاون فراہم کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر متولّیان اور اہل تشیع اکابرین نے انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔