چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد سلیم خان نے ڈی سی پشاور کو بی ارٹی امن چوک اسٹیشن کو شہیدکو کیپٹن روح اللہ کے نام منسوب کر نے کی ہدایت کردی۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد سلیم خان ،شہید کیپٹن روح اللہ کے گھر پہنچے۔ جہاں انہوں نے شہید کیپٹن کے والد حبیب اللہ کو پھولوں کا گلدستہ اور تحائف پیش کئے۔ جبکہ چیف سیکرٹری کیپٹن روح اللہ شہید کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ خیبر پختونخوا، ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کیپٹن روح اللہ کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ کیپٹن روح اللہ نہ صرف اپنے والدین اور گھر والوں بلکہ پوری قوم کے لئے باعث فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن روح اللہ نے ملک کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے اپنے نام کو ہمیشہ کے لئے امر کردیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے کیپٹن روح اللہ کے چھوٹے بھائی کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر پشاور کو ہدایت کی کہ وہ امن چوک بی آر ٹی اسٹیشن کو کیپٹن روح اللہ کے نام منسوب کرنے کے لئے صوبائی حکومت کو خط لکھے۔ ان کا کہنا تھاکہ اسٹیشن پر جاری ہونے والے ٹکٹس پر بھی کیپٹن روح اللہ کا نام شامل کیا جائے۔