صوبائی محاصل میں اضافے اور ٹیکس وصولی کے نظام کومزید فعال بنانے کے لئے قائم صوبائی کمیٹی کا اعلیٰ سطح اجلاس خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی زیر صدارت جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ ایکسائز کے سیکرٹری ظفر علی شاہ،ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی طاہر خان اورکزئی،ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ٹیکس ماہرین اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا میں ٹیکس وصولی کے نظام اور محاصل کے وصول میں شامل اداروں کے دائرہ کار اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبے میں موجودہ ٹیکس نظام کو مزید فعال بنانے اور اس کے دائرہ کار میں اضافے کے لئے مختلف اصلاحات لانے پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کاروباری افرادسے لئے جانے والے دوہرے ٹیکسوں کی نشاندہی کرکے صرف اصل ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔کیپرا اور ایکسائز کی جانب سے غیر ضروری ٹیکسز کا تعین کرکے اس کی وصولی کو فوری روکا جائے گا۔اجلاس میں ٹیکس نیٹ میں اضافے اور خدمات کی فراہمی کے تمام شعبوں کو اس میں رجسٹر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔رضاکارانہ طور پر ٹیکس ادا کرنے والے کاروباری افراد اور اداروں کے لئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے علاوہ ان کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ٹیکس چوروں اور کاروبار رجسٹر نہ کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے اور سخت قانونی کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں کیپرا پشاور میں مختلف ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف پہلے ہی کاروائی عمل میں لا چکا ہے اور شہر میں قائم 11 ہوٹلوں کو ایک ایک لاکھ روپے کے شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔اجلاس بعض شعبوں پر ٹیکس کی شرح میں ردو بدل پر بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک صوبے میں 8 ہزار چھوٹے بڑے کاروبار کو ٹیکس وصولی کے دائرہ کار میں شامل کیا گیا ہے جبکہ مزید کاروبار کو رجسٹر کرنے کے لئے بھی تیزی سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اجلاس میں محکمہ ایکسائز اور کیپرا نے ٹیکس وصولی کے ہدف کے حصول کے حوالے سے بھی صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔وزیر خزانہ نے محکمہ ایکسائز اور کیپرا کو ٹیکس ا ہداف کے حصول کو بروقت پورا کرنے پر سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ بھی کرکردگی کے اسی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیکس وصولی میں اضافے کے لئے مزید کوششوں کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبائی محاصل میں اضافے اور اور صوبے میں مثالی ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا پیسہ عوام کی امانت ہے جو کہ حکومت ان کی فلاح و بہبود اور ترقی وخوشحالی کے لئے صرف کرنے کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیکس وصولی کے نظام کو سہل بنانے اور ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے موجودہ ٹیکس نظام میں اصلاحات لارہی ہے تاکہ ٹیکس کی ادائیگی کو اپنا فرض سمجھ کر ادا کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات اور مراعات دی جائیں گی جبکہ ٹیکس چوروں اور کاروبار رجسٹر نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری کے طور پر ٹیکس چوروں کی نشاندہی میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور ٹیکس نادہندگان کی معلومات کیپرا کے واٹس ایپ نمبر پر درج کریں۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صوبے میں ٹیکس وصولی کے نظام کو اصلاحات کے ذریعے موئثربنایا جائے گا کیونکہ صوبائی محاصل میں اضافے کے لئے ٹیکس نظام کا فعال ہونا ناگزیر ہے۔