منگل کے روز جامعہ صوابی کے طلباء و طالبات میں احساس سکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے غریب طبقے کی تعلیمی محرومی دور کرنے کے لیے احساس سکالرشپ پروگرام شروع کیا ہے۔ وزیراعلی محمود خان وزیراعظم عمران کے وژن کے مطابق تعلیم سب کے لیے مشن پر عمل پیرا ہیں کیونکہ پاکستان کا بہترین اثاثہ نوجوان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ ملک کی تقدیر بدل سکے جبکہ وزیراعظم عمران خان کو غریبوں کا احساس ہے۔ محکمہ اعلی تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے بہترین طرز کی لائبریری قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے معاون وزیراعلی کامران بنگش نے کہا کہ وائس چانسلر جامعہ صوابی کے ڈیمانڈ پر بہت جلد جامعہ میں محکمہ اعلی تعلیم بہترین لائبریری قائم کرے گی۔ قبل ازیں، معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے سٹوڈنٹس میں 233 کی تعداد میں احساس سکالرشپ چیک تقسیم کئے۔ پروگرام میں ایم پی اے عاقب اللہ اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مکرم شاہ نے بھی شرکت کی۔ بحیثیت مہمان خصوصی معاون وزیراعلی کامران بنگش نے کہا کہ احساس سکالرشپ پروگرام میں پچاس فیصد سکالرشپس طالبات کے لیے مختص ہیں مزید یہ کہ خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے مالیت کے رحمت العالمین سکالرشپ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت خیبرپختونخوا میں 31 جامعات تعلیمی خدمات کی فراہمی میں سرگرم ہیں۔