وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایوالویشن ایجنسی (ایٹا) کی استعداد کار کو بڑھانے ، ٹیسٹوں کے انعقاد میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنانے اور اسے سرکاری سطح پر تمام بھرتیوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے سلسلے میں ادارے کی ری اسٹریکچرنگ اور دیگر امور میں بہتری کے لئے مجوزہ اصلاحاتی پلان سے اصولی اتفاق کیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مجوزہ اصلاحاتی پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایٹا سرکاری سطح پر بھرتیوں اور تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لئے تحریری امتحانات کے انعقاد کا ایک بااعتماد ادارہ ہے جس کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مجوزہ اصلاحات کے نفاذ کے بعد صوبائی حکومت کو ٹیسٹنگ کے سلسلے میں کسی دوسری ٹیسٹنگ ایجنسی کی ضرورت نہیں رہے گی۔
وہ وزیراعلیٰ ہاو¿س پشاور میں ایٹا میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹا اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو ایجنسی کی ذمہ داریوں ، موجودہ اسٹرکچر اور مجوزہ اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایا ت پر ایٹا کو مضبوط بنانے کے لئے متعدد اصلاحاتی اقدامات کا پلان تیار کیا گیا ہے جو حتمی منظوری کے لئے ایٹا کے بورڈ آف گورنرز کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں کے لئے داخلوں کا ٹیسٹ ، محکمہ پولیس کے لئے پروموشنل امتحانات ، انجنیئرنگ یونیورسٹیز کے لئے انٹری ٹیسٹ، تمام محکموں کے لئے سٹاف کی بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ اور دیگر سکالرشپ امتحانات کا انعقاد ایٹا کے ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایٹا کے بنیادی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے موجودہ تنظیمی ڈھانچے میں ضروری اصلاحات تجویز ہے، آئی ٹی ماہرین اور دیگر سٹاف کی ہائیرنگ کا عمل بھی شروع ہے۔ ایٹا کے لیگل فریم ورک کی مضبوطی کے لئے فنانس ریگولیشنز اور سروس ریگولیشنز کے مسودے، مختلف امور کی انجام دہی کے لئے ایس او پیز کے علاوہ ہر پوزیشن کے لئے جاب ڈسکرپشن تیار کر لئے گئے ہیں ، جو اگلے ماہ کے وسط تک بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں باضابطہ منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ ایٹا کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے ٹریننگ کلنڈر وضع کیا گیا ہے اور جدید تکنیکی آلات کی خریداری کا عمل شروع ہے۔ ڈیجیٹل پرنٹنگ پریس کے قیام کیلئے جدید مشینری کی خریداری کے لئے بھی ٹینڈرجاری کیا گیا ہے ، جس کی وجہ سے پرنٹنگ کی استعداد کاریومیہ پانچ ہزار پیپر زسٹ سے بڑھ کر پچاس سے ساٹھ ہزار پیپرز سٹ تک پہنچ جائے گی۔ امیدواروں کی شکایات کے ازالے اور ان کو سہولیات کی فراہمی کے لئے آن لائن ریکوزیشن سسٹم اور ٹکٹ مینجمنٹ سسٹم وضع کیا جارہا ہے