خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے شموزئی سوات میں نیموگرام مرکزی سڑک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ محمود خان کی سربراہی میں پہاڑی، پسماندہ و دور دراز علاقوں کی ترقی کیلئے بہتر سفری سہولیات و سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کیلئے حسب وعدہ عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ترقیاتی بجٹ پیش کرنا عوام کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا بجٹ برائے مالی سال 22۔2021کو تاریخی اور متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ کا کل تخمینہ 1 ہزار 118 ارب روپے ہے جس سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کل بجٹ میں 199 ارب روپے خالصتاً ضم شدہ اضلاع کے لیے، 371 ارب روپے ترقیاتی کاموں کیلئے اور 20 ہزار مساجد کے خطیبوں کے لئے ماہانہ وظیفہ کی مد میں 2.6 ارب روپے مختص کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت بشمول ضم شدہ اضلاع کے تمام پسماندہ دیہات اور محروم طبقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔