خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات، دیہی ترقی و پارلیمانی امور اکبرایوب خان نے تمام متعلقہ حکام کو خبردار کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل پر سمجھوتا نہں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی قسم کی غفلت برداشت کی جائے گی انہوں نے واضح کیا کہ ہری پور بیوٹیفکیشن پروگرام کا مقصد عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا اور انہیں زیادہ سے زیادہ آسانیاں مہیا کرنا ہے وہ جمعرات کو اپنے رابطہ عوام مہم کے دوران ہری پور بیوٹیفکیشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیر بلدیات یوسف ایوب خان، چیئرمین ڈیڈیک و ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی ارشد ایوب خان اور ڈپٹی کمشنر مغیث ثناء اللہ کے علاوہ ٹی ایم اے، سی اینڈ ڈبلیو اور لوکل گورنمنٹ کے افسران موجود تھے اکبرایوب خان نے جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف نالوں اور شہر بھر میں واٹرسپلائی سکیموں کے تعمیراتی کام میں سست روی پر سخت برہمی کااظہار کیا اور افسران کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ یہ سکیمیں جلد سے جلد مکمل کی جائیں بصورت دیگر صوبائی حکومت کی سزا و جزا کی پالیسی کے تحت غفلت کے مرتکب افسران کی سخت ترین سرزنش کرکے انہیں نشان عبرت بنانے سے گریز نہیں کیا جائے گا انہوں نے مقامی زعماء کی طرف سے پیش کردہ مسائل و مطالبات کے مناسب ازالے کا یقین بھی دلایا۔