پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے پشاور میں جاری میگا ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اگلے چھ مہینوں کا روڈ میپ ترتیب دیا ہے جس کے تحت ان ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیشرفت اور ان کی بروقت تکمیل کے لئے مختلف سرگرمیوں پر مشتمل ایکشن پلان بمعہ ٹائم لائینز تیار کیا گیا ہے۔ مذکورہ روڈ میپ کی جزئیات کے مطابق نئے جنرل بس اسٹینڈ پر کام کا آغاز کرنے کے لئے مئی ۲۰۲۱، جبکہ رنگ روڈ کے باقی ماندہ حصے پر کام شروع کرنے کے لئے جولائی ۲۰۲۱ کا ٹائم لائن مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح رنگ روڈ کے ساوتھ سیکشن کی امپرومنٹ کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز کرنے کے لئے جون ۲۰۲۱، ڈی ٹور روڈ پر کام کا آغاز کرنے کے لئے اپریل ۲۰۲۱، ہزارخوانی پارک کی تکمیل کے لئے اگست ۲۰۲۱ جبکہ شہر کے مختلف مقامات کی تزین و آرائش کے منصوبے پر کام شروع کرنے کے لئے مئی ۲۰۲۱ کا ٹائم لائن مقرر کیا گیا ہے۔ شہر کی تزین و آرائش کے منصوبوں میں بی آر ٹی کوریڈور کی بیوٹیفکیشن ، حیات آباد میں گرین بیلٹس اور پارکوں کی تابانی، نہروں کی تزین و آرائش کے علاوہ رنگ روڈ، جی ٹی روڈ، جمرود روڈ پر شجر کاری شامل ہیں۔شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پی ڈی اے کی روڈ میپ کے حوالے سے ایک اجلاس گزشتہ روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، ایم پی اے محمد آصف اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ڈی جی پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے شراکاءکو مذکورہ روڈ میپ کے دیگر پہلوو¿ں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور ماڈل ٹاون کے مجوزہ منصوبے پر عملی کام کا آغاز کرنے کے لئے پیشرفت جاری ہے اس سلسلے میں لینڈ شئیرنگ فارمولے کے لئے قواعدو ضوابط پر کام جاری ہے اور توقع ہے کہ اس سال مئی تک پشاور ماڈل ٹاون کو پی ڈی اے کا اتھارٹی ایریا نوٹیفائی کردیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ ریگی ماڈل ٹاون کے زون ون کے الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لئے پیشگی امور کو حتمی شکل دی گئی ہے اور عنقریب الاٹیز کو ملکیت کے کاغذات دئے جائیں گے۔ اجلاس میں ریگی ماڈل ٹاون کے زون 1 اور 5 کے اراضی کا مسئلہ حل کرنے کے سلسلے میں لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنرز پشاور، ڈپٹی کمشنرز خیبر اور پی ڈی اے کے اعلی حکام پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔