خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروع کے سلسلے میں آنے والے موسم گرما کے دوران کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کا پلان تیار کر لیا ہے جس کے تحت کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے مختلف پروگرامز اور فیسٹولز منعقد کیے جائیں گے جن میں ڈیرہ جات فیسٹویل کے علاوہ ٹور دی خیبر سائکلنگ ریس، ماونٹین بائیک ریلی، قاقلشٹ فیسٹویل، چیلم جوشٹ فیسٹویل، کرم فیسٹویل، ہزارہ میوزیکل فیسٹویل، شندور پولو فیسٹویل، ناران فیسٹویل، 4×4 ٹرانز ہمالیاز ریلی اور کیلاش اوچاو فیسٹویل شامل ہیں۔ یہ سرگرمیاں رواں مہینے کے آخر سے لیکر اگست کے مہینے تک منعقد کی جائیں گی جن کے کامیاب انعقاد کے لئے محکمہ سیاحت، کھیل اور ثقافت پیشگی انتظامات اور تیاریوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ اس سال موسم گرما میں صوبے میں منعقد کئے جانے والی ان سرگرمیوں میں بہت بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد متوقع ہے جن کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
صوبے میں سیاحت کے فروع کے لئے دیگر اقدامات اور منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے سیاحتی مقامات کی سیر کرنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لئے تمام چھوٹے بڑے سیاحتی مقامات کی جیو میپنگ اور پروفائلنگ کا عمل مکمل کرکے گوگل میپ پر ڈال دیا گیا ہے اسی طرح سیاحتی مقامات میں ہوٹلز ، ریسٹ ہاوسز ، کیمپنگ پاڈز، اور دیگر ضروری خدمات اور سہولیات کی تفاصیل کی آن لائن فراہمی کے لیے ویب سائٹ اور موبائل ایپ تیار کرلئے گئے ہیں جن کی مدد سے سیاحوں کو درکار سہولیات اور خدمات کی فراہمی سے متعلق معلومات آن لائن دستیاب ہوگئی ہیں۔ مزید برآں سیاحوں کو محکمہ سیاحت کے زیر انتظام ریسٹ ہاوسز کی بکنگ اور کرایے کی ادائیگی کے لئے آن لائن بکنگ اور پیمینٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹورسٹ فیسیلیٹیشن ھب کے ساتھ ساتھ 24/7 ہلیپ لائن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے اور سیاح ہیلپ لائین نمبر 1422 پر رابطہ کرکے کسی بھی قسم کی مدد، خدمت اور معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔