صوبائی وزیر بلدیات, الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی اور انکی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔ قبائلی اضلاع میں تمام تر ترقیاتی منصوبے وزیراعلی محمود خان خود مانیٹر کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بلدیات الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے پیر کے روز ضلع خیبر تحصیل جمرود کے خصوصی دورے کے موقع پر منقعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کیا۔ تقریب میں ممبر صوباٸی اسمبلی الحاج محمد شفیق افریدی, ایم پی اے بلاول آفریدی، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر, ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ریاض, اسسٹنٹ کمشنر نیک محمد کے علاوہ قومی و سماجی مشران بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ضلع خیبر میں جاری, مکمل و شروع ہونے والے تمام منصوبوں کے بارے میں صوباٸی وزیر کو بریفنگ دی۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزراء قبائلی اضلاع کے دورے کررہے ہیں اور مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قباٸلی اضلاع کے انضمام کا مرحلہ بطریق احسن نبھانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا جس کو موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران کی قیادت میں پورا کیا۔
صوباٸی وزیر بلدیات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قباٸلی اضلاع کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کیلۓ تین سالہ تیز تر ترقیاتی منصوبوں کیساتھ ساتھ دس سالہ ترقیاتی پروگرام پر بھی عمل پیرا ہے۔
تقریب میں شریک قومی و سماجی مشران نے صوباٸی وزیر کو اپنے مساٸل سے اگاہ کیا۔ وزیر بلدیات نے عوامی مساٸل حل کرنے کیلۓ موقع پر ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کردی۔
صوباٸی وزیر نے تحصیل میونسپل ایڈمنیسٹریشن کو جمرود بازار میں صفاٸی ستھرائی, پینے کا پانی اور واش رومز مہیا کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔ انہوں نے لوگوں کو اعتماد دلایا کہ مقامی نوکریوں پر مقامی لوگوں میرٹ پر بھرتی ہونگے تاکہ ضلع خیبر میں بے روزگاری کی شرح کو کم کیا جا سکے۔