خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا ایک اجلاس بدھ کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اگلے ایک سال کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت صوبے میں شروع کئے جانے والے مختلف منصوبوں کیلئے ایکشن پلان کی منظوری دے دی گئی ۔ اس ایک سالہ پلان کے تحت اگلے سال مختلف محکموں کے تحت فراہم کی جانے والی عوامی خدمات بشمول ڈومیسائل سر ٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس ، گاڑیوں کی رجسٹریشن، اسلحہ لائسنس ، برتھ سر ٹیفکیٹ ،واٹر کنکشنز وغیرہ کو ڈیجٹیلائز کیا جائے گا۔ ان خدمات کی فراہمی کی ڈیجٹلائزیشن مکمل ہونے کے بعد یہ ساری خدمات انفارمیشن ٹیکنالوجی بوڈ کے تحت قائم سٹیزن فسلٹیشن سنٹرز میں ایک ہی چھت تلے فراہم ہوں گی اور شہریوں کو ان خدمات کے حصول کیلئے الگ الگ دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے ۔ایکشنپلان کے مطابق صوبائی حکومت کے پیپر لیس منصوبے کے تحت سرکاری محکموں میں ای۔ آفس سسٹم کے اجراءپرکا م شروع کیا جائے گاجس کا اجراءوزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر تمام محکموں میں سمریاں ارسال کرنے کے نظام کو آن لائن کرنے کیلئے ای۔سمری سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔ علاوہ ازیں عوام کی سہولت کی خاطر تمام سرکاری محکموں کے موبائل اپیلکشنز کو یکجا کرنے کیلئے ایک سپر ُ ایپ بھی متعارف کروایا جائے گا۔اسی طرح تمام سرکاری محکموں کے ڈیٹا تک عوام کی آسان رسائی کیلئے ایک آن لائن مرکزی ڈیٹا سنٹر بھی متعارف کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاءاﷲ بنگش، ، معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن غزن جمال اور معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کے علاوہ ، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ، منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز مقرر کر نے اور دیئے گئے ٹائم لائنز کے مطابق منصوبے پر عملی پیشرفت کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر اور بہتر استعمال کے ذریعے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور نوجوانوں کو روزگارکے مواقع کی فراہمی کیلئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اُٹھائے جائیں ، حکومت اس سلسلے میں تمام درکار وسائل فراہم کرے گی ۔