وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سوات کے حوالے سے پیر کے روز ہائیر ایجوکیشن کمیٹی روم میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ بہترین اعلیٰ تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت نے بجٹ میں خاطر خواہ فنڈز رکھے ہیں تاکہ کہیں پر بھی جامعات کو مسائل درپیش ہوں ان کو بروقت حل کیا جائے، سوات میں اعلیٰ تعلیم کے سلسلے میں محکمہ اعلی تعلیم دیگر اضلاع کی طرح کام جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سوات کے تمام امور پر کام تیز کیا جائے تاکہ وہاں پر بھی اعلیٰ تعلیم سے مقامی و دیگر اضلاع کے طلباء مستفید ہوں۔
معاون وزیراعلی کامران بنگش نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل، مالی و دیگر امور کے حوالے سے ٹائم فریم مقرر کیا جائے جبکہ جائزہ رپورٹ بھی مقررہ وقت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں کوئی محکمہ تعاون نہیں کر رہا یا چیزوں کو تاخیر کا شکار بنا رہی ہے تو فوری طور پر محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے علم میں لایا جائے۔