صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا، حلف برداری تقریب سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے کانونشن ھال پشاور میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب خان تھے۔
نومنتخب کابینہ کے صدر فیض محمد نے دیگر کابینہ ممبران اور آل گورنمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کی طرف سے سپاس نامہ پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے کابینہ ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سپاس نامہ پر غور و فکر کیا جائے گا اور ادارے کی ری۔سٹرکچرنگ اور ملازمین کے استعداد کارکو بڑھانے اور ان کو کام کا بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن کیڈرز کی اپ گریڈیشن ابھی تک باقی ہے ان کا فوراً کیس بھیج دیا جائے تاکہ حکام بالا سے منظوری لی جائے۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہم تمام ملازمین کو سہولیات فراہم کریں گے مگر بدلے میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ادارے کی بہتری کے لیے شب و روز محنت کرنا آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے، ہمیں نتائج چاہیے ہوں گے جس سے عوام مطمئن ہو۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے ملازمین کی حق تلفی کا ازالہ کرنے کے لیے دیگر محکموں سے آئے ہوئے ملازمین کو اپنے محکموں میں واپس بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے قیام سے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوتے ہیں جس پر من و عن عمل کرنے کے لئے آپ لوگوں نے ہمارا ساتھ دینا ہے اور محکمہ بلدیات کو ایک ایسا مثالی ادارہ بنانا ہے جس پر عوام فخر کر سکیں۔