صوبائی وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان کی زیر صدارت ضلع بنوں کے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، ترقیاتی اسکیموں اور صفائی کے حوالے سے اجلاس۔
صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے صوبے کے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے دفاتر میں ملازمین کی حاضری کے لیے چہرے کی شناخت کا سسٹم جلد شروع کریں اور تمام ملازمین منتخب وردی استعمال کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف دفاتر اور دوسری جگہوں پر کام کرنے والے ملازمین کو فوراً واپس اپنے دفاتر بلائیں اور اپنے حدود کی صفائی کا خاص خیال رکھے۔ جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ جبکہ دفاتر میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے عملے کی میرٹ پر بھرتی کا کام بھی جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ دسمبر تک تمام فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے جبکہ جاری سکیمیں بروقت مکمل کی جائے اور چھوٹی سکیموں کے لیے دورانیہ تکمیل کم سے کم رکھا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایات ضلع بنوں کے تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن آفسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان، ممبر صوبائی اسمبلی پختون یار، سیکٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات اور ضلع بنوں کے تمام تحصیل میونسپل آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔
اکبر ایوب خان نے ہدایت کی کہ تمام غیر قانونی عمارتوں کی ریگولائزیشن کے لئے فوراً نوٹس جاری کیے جائے۔ انہوں نے شہر کی صفائی کے حوالے سے ہدایت جاری کی کہ شہر کے کوڑا کرکٹ کو ختم کرنے اور عوام کو میونسپل سروسز فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بنوں شہر کے تمام سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس کا تناسب کیا جائے۔ جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر ناقابلِ قبول ہے تاکہ عوام کو بہترین میونسپل سہولیات میسر ہوں سکے۔
وزیر بلدیات نے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ اپنے ریونیو جنریشن پر خصوصی توجہ دیں اور اس کو بڑھا کر اپنے فنڈ کی کمی کو پورا کریں۔