صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے صوبے کے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے دفاتر میں ملازمین کی حاضری کے لیے چہرے کی شناخت کا سسٹم جلد شروع کریں اور تمام ملازمین منتخب وردی استعمال کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو فوراً واپس اپنے دفاتر بلائیں اور اپنے حدود کی صفائی کا خاص خیال رکھے، جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ جبکہ صفائی کے عملے کی میرٹ پر بھرتی کا کام بھی جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ دسمبر تک تمام فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے جبکہ جاری  سکیمیں بروقت مکمل کی جائے اور چھوٹی سکیموں کے لیے دورانیہ تکمیل تین ماہ سے زیادہ نہ ہو۔

انہوں نے یہ ہدایات ضلع مانسہرہ کے تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن آفسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے پاپولیشن سید احمد حسین شاہ، ممبر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، سیکٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، ڈی جی لوکل گورنمنٹ عابداللہ کاکاخیل اور ضلع مانسہرہ کے تمام تحصیل میونسپل آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

اکبر ایوب خان نے ہدایت کی کہ برفباری والے علاقوں کیلئے خصوصی فنڈ رکھا جائے تاکہ برف کی صفائی کا انتظام موجود رہے۔ اس طرح تمام غیر قانونی عمارتوں کی ریگولائزیشن کے لئے فوراً نوٹس جاری کیے جائے۔ انہوں نے ہوٹلنگ کی صفائی کے حوالے سے ہدایت کی کہ تمام ہوٹلز اپنی صفائی کے لیے ڈمپر خریدیں اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ہوٹلز کے گند بروقت اٹھانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ جبکہ مانسہرہ شہر اور بالاکوٹ کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔