صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے محکمہ تعلیم حکام کو ہدایت کی ہے کہ پائٹ اور ڈی سی ٹی ای میں ماسٹر ٹرینرز اور دیگر سٹاف کی تعیناتی کا تمام نظام آن لائن بنائے۔ انہوں نے دونوں اداروں میں تعینات عملے بشمول ماسٹرٹرینرز کی تفصیل تین دنوں کے اندر ارسال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ماسٹر ٹرینرز کے لیے اچھے تعلیم یافتہ ذہین اور آئی ٹی سکلز پر عبور رکھنے والے لوگوں کا بطور ٹرینر انتخاب کریں۔ نئے تعینات لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں ، تعیناتی کا عمل شفاف ہو اور ہر ایک پوسٹ کے لیے ٹیسٹ اور ڈیموں ضرور لیا جائے گا۔

یہ ہدایت صوبائی وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں پائٹ اور ڈی سی ٹی ای کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ ڈائریکٹر ڈی سی ٹی ای گوھرخان، ڈائریکٹر پائٹ اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے ہدایت کی کہ ماسٹر ٹرینرز کے انتخاب کے طریقہ کار اور تعیناتی پلان کو جلد از جلد ختمی شکل دی جائے اور آئندہ جائزہ اجلاس میں یہ پلان پیش کی جائے تاکہ ٹریننگ کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے۔

شہرام خان ترکئی نے کہا کہ آئی ٹی وقت کی اہم ضرورت ہے جس پر حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اپنے اداروں کی ڈیٹا آن لائن کریں اور ہر قسم کے اشتہارات کی بذریعہ ویب سائٹس دستیابی یقینی بنائے۔ اور ماسٹر ٹرینرز، اساتذہ، ملازمین اور تمام سٹیک ہولڈرز کی آسانی کے لئے محکمہ تعلیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی ان اشتہارات اور معلومات کی دستیابی ضرور ہونی چاہئے۔