عوام کو سستے نرخ پر آٹا و دیگر اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں ترجمان خیبرپختونخوا حکومت و معاون وزیراعلی برائے اعلی تعلیم کامران بنگش سینیچر کو رام پورہ بازار کے اچانک دورے پر گئے جہاں انہوں نے آٹا گوداموں کو آٹا ترسیل اور نرخ رجسٹرز چیک کئے۔ اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر خوراک میاں خلیق الرحمان بھی معاون خصوصی کامران بنگش کے ہمراہ تھے جہاں دونوں کابینہ ممبران نے مقامی تاجر کمیونٹی کو ساتھ لے کر آٹا ترسیل کا جائزہ لیا۔ آٹا ڈیلرز کے فروخت رجسٹرز جبکہ گاھک کے شناختی کارڈ نمبر بھی چیک کئے گئے۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر عوام کو ہر صورت سستا آٹا فراہمی ممکن بنا رہے ہیں۔صوبائی حکومت نے آٹا و دیگر خوردنوش کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ جبکہ گرانفروشوں کے خلاف ضلعی سطح پر کاروائیاں جاری ہیں۔ صوبائی مشیر خوراک میاں خلیق الرحمان نے تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ ممبران کسی بھی وقت کہیں پر بھی دورہ کر سکتے ہیں۔ کیونکہ عوام کو ریلیف دینا صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ صوبے میں حالات بہتری کی جانب جا رہے ہیں، مصنوعی مہنگائی کنٹرول کر چکے ہیں۔ مشیر وزیر اعلیٰ میاں خلیق الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ غریب عوام کا احساس ہے اسی لئے اشیاء خوردونوش سمیت دیگر تمام اشیاء ضروریہ پر ریلیف دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد پوری دنیا میں کساد بازاری و افراط زر بڑھا ہے جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے۔