شہدا کے بچوں کی تعلیم ہم سب کا قومی فریضہ ہے ، ایکسائز اہلکار انسداد منشیات کے مہمات میں ہر طرح کے خطرے سے نبردآزما ہوتے ہیں، ایکسائز پولیس صوبے میں قلیل تعداد میں ہیں لیکن انسداد منشیات کی کامیاب کاروائیاں سرانجام دیتی ہیں، پنجاب گروپ آف کالجز کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمارے شہدا اور حاضر سروس اہلکاروں کے مستقبل کا سوچا، ان خیال کا اظہار وزیراعلٰی محمود خان کے معاون خصوصی برائے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول غزن جمال نے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب گروپ آف کالجز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے کیا۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیلئے ترتیب دئے تقریب میں معاون خصوصی کے علاوہ پروجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز ڈاکٹر شاہد محمود ، ایکسائز ٹیکسیسشن آفیسر زاہد اقبال اور صفیان حقانی اور دیگر اعلٰی افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی غزن جمال کا کہنا تھا کہ شہدا کے بچوں کی تعلیم ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور اس فرض کی بجآوری میں پنجاب گروپ آف کالجز کا انہتائی مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمارے شہدا اور حاضر سروس اہلکاروں کے مستقبل کا سوچا۔ مفاہمتی یاداشت پر معاون خصوصی غزن جمال اور پنجاب گروپ آف کالجز کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد محمود نے دستخط کئے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر انتظام ہدف کالج، پنجاب کالج، الائیڈ سکولز اور ایفا سکولز ایکسائز اہلکاروں کے بچوں کو مفت تعلیم اور سکالر شپس دی جائینگی۔ دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ایکسائز اہلکاروں کے بچوں کو مذکورہ تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم مہییا کی جائیگی جبکہ دوران سروس زخمی ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کو مذکورہ اداروں میں پچاس فیصد رعایت پر تعلیمی خدمات مہیا ہونگی اور اسی طرح حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو ٹیوشن فیس میں رعایت دی جائیگی ۔