صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں آٹومیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای فائلنگ اور فائل ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے وقت کی بچت ہوگی، مسائل جلد حل ہوں گے اور ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن میں آئی ٹی پر مزید توجہ ہوگی۔ کیونکہ ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم اپنے بچوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم دیں گے۔
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ایجوکیشن ملازمین کے ایچ آر کمپیوٹرائزیشن کے عمل کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اساتذہ کے تمام کوائف کمپیوٹرائز ہو۔
انہوں نے یہ ہدایات ایجوکیشن آئی ٹی ڈپارٹمنٹ ای ایم آئی ایس سے بریفنگ لیتے وقت جاری کی۔ سیکرٹری ایجوکیشن ندیم اسلم چودھری اسپیشل سیکرٹری ظریف المعانی، چیف پلاننگ آفیسر حشمت خان اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی الطاف خان نے صوبائی وزیر کو ای ایم آئی ایس کے ڈیٹا کلیکشن، سالانہ رپورٹس ، محکمے کی ویب سائٹ، یو ٹیوب چینل،لرننگ پورٹل اور دیگر اہم ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے آئی ٹی ٹیم کی طرف سے یوٹیوب چینل پر گریڈ ایک سے جماعت دھم تک تعلیمی لیکچرز طلبہ کو فراہم کرنے کی کاوش کو سراہا اور کہا کے کے طلباء ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر اس سے فوائد حاصل کر سکتے ہیں اور آن لائن اپنے مسائل کے بارے میں بھی رہنمائی لے سکتے ہیں۔ وزیر تعلیم نے آئی ٹی حکام کو ہدایت کی کہ ضلعی دفاتر اور پورے محکمہ تعلیم کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے ورک پلان بنائے۔
دریں اثناء وزیر تعلیم نے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے اسکولوں میں فرنیچر کی فراہمی کے لیے پلان ایک ہفتے کے اندر پیش کیا جائے۔ اور ہدایت کی کہ باقی اضلاع کے سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی کے طریقہ کار کو بھی بھی جلد از جلد ختمی شکل دی جائے۔