وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان کے معاون خصوصی برائے بلدیات و اطلاعات کامران خان بنگش بُدھ کو خپل وزیراعلٰی شکایات سیل میں محکمے سے متعلق عوامی شکایات سن کر ان کا ازالہ کرینگے۔ معاون خصوصی نے یہاں سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کے شکایات کی شنوائی اور ان کے حل میں وزیراعلٰی محمود خان ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ خپل وزیراعلٰی شکایات سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس سیل کے زریعے نہ صرف عوامی شکایات کی شنوائی ہوگی بلکہ عوامی رائے اور تجاویز بھی زیرغور لائے جائینگے۔
کامران بنگش کے مطابق وزیراعلٰی عوامی رابطہ مہم کے دوران عوام کیساتھ براہ راست گفت و شنید میں مصروف رہے اور سرکاری اداروں سے متعلق ان کے شکایات کے ازالے کے لئے خپل وزیراعلٰی شکایات سیل کا قیام عمل میں لایا گیا۔ خپل وزیراعلی شکایت سیل پر تمام سرکاری، نیم سرکاری و نجی اداروں کیخلاف 1800 پر کال کرکے شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں جبکہ ان اداروں سے متعلق تجاویز و آرا بھی زیرغور لائے جائینگے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کابینہ کے تمام وزرا سمیت وزیراعلیٰ محمود خان خود بھی عوامی شکایات سننے کیلئے شکایات سیل میں بیٹھیں گے اور باری باری تمام محکموں کے نمائندگان اور وزرا کو عوام کیساتھ براہ راست رابطہ استوار کرنے کیلئے شکایات سیل میں مدعو کیا جائے گا۔ معاون خصوصی دن گیارہ بجے سے بارہ بجے تک محکمہ بلدیات سے متعلق عوامی شکایات سنیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ محکمہ بلدیات میں کوئی بھی مسئلہ ہے یا کہی کام نہیں ہو پارہا، بلدیات کے دفاتر میں عوام کی شنوائی نہیں ہورہی تو فکر کی کوئی ضرورت نہیں، عوام دن گیا بجے خپل وزیراعلٰی شکایات سیل کے نمبر 1800 پر رابطہ کریں اور ہمیں اپنے شکایات کے ازالے کا موقع دیں۔