وزیر خوراک قلندر خان لودھی کا مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں فلور ملز کے اچانک دورے، گندم کی پسائی نہ کرنے پرایک فلور مل کا سرکاری کوٹہ منسوخ کرنے کی ہدایت،  وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے گندم کی بروقت پسائی نہ کرنے پر ہری پور میں مغل فلور مل کا سرکاری کوٹہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ احکامات انہوں نےگزشتہ روز ہری پور، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں مختلف فلور ملز کے اچانک دورے کے موقع پر دئیے ہیں۔اچانک دورے کے موقع پر محکمہ خوراک کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر خوراک کے ہمراہ تھے۔ وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور سبسڈائز آٹے کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پرانہوں نے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی، کہ صوبے بھر کے فلور ملز کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ یقینی بنائی جائے اور جو فلور مل گندم کی بروقت پسائی نہ کریں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ اچانک دوروں کا یہ سلسلہ جاری رہےگا، جس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا، جبکہ دوروں کا مقصد فلور ملز میں گندم کی بروقت پسائی، ڈیلرز کو سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی اور آٹے کے معیار کا معائنہ کرنا ہے۔ دورے کے موقع پر وزیر خوراک نے ہری پور، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں فلور ملز مالکان سے ڈیلرز کو سبسڈائزڈ آٹا فراہم کرنے کے تفصیلات بھی طلب کی ہے۔ قلندر خان لودھی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر فلور ملز کی بذاتِ خود نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی بروقت پسائی نہ کرنے اور آٹے کی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائےگا، ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔