وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے جمعرات کو بی آر ٹی سٹیشن گلبہار کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے بی آر ٹی زو کارڈ کیلئے اپنے کوائف درج کرکے کارڈ حاصل کیا۔ معاون خصوصی نے عوامی قطار میں کھڑے ہوکر زو کارڈ کیلئے اپنی باری کا انتظار کیا۔ باری آنے پر معاون خصوصی کامران بنگش نے کارڈ کیلئے مطلوبہ کوائف کا اندراج کیا۔ بی آر ٹی کارڈ کے حصول کے بعد بس میں سفر کرتے ہوئے کامران محمد بنگش کا کہنا تھا کہ آج زو کارڈ پنچ کرکے بی آر ٹی بس میں سفر کرنا اچھا لگ رہا ہے۔ بی آر ٹی کے فعال ہونے سے پشاور شہر کی نقل و حمل کا نقشہ ہی بدل جائے گا۔ شہریوں کو ترغیب دیتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شہری آج ہی اپنا زو کارڈ حاصل کرکے بی آر ٹی سفری سہولیات سے فائدہ اُٹھائیں۔ بی آر ٹی افتتاح بارے میں کامران بنگش کا کہنا تھا کہ بہت جلد بی آر ٹی کے افتتاح کی خوشخبری عوام کو دینگے۔