عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو صفائی و صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کی غرض سے محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کی سرگرمیاں جاری رہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش بھی فیلڈ میں ملازمین کے ساتھ رہے جبکہ پشاور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے قربانی کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کی عمل کا آغاز کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی کامران بنگش کے ہمراہ واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ظفر علی شاہ، جنرل مینیجر آپریشنز سمیت زونل مینیجرز بھی موجود تھے۔ معاون اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے پشاور کے مختلف حصوں میں صفائی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو صفائی، نکاسی آب اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے حوالے معاون خصوصی نے ریمارکس دیئے کہ گلبہار اور دلہ زاک روڈ سے باقاعدہ طور پر قربانی کی آلائشیں اٹھانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ پشاور شہر میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کے لیے 2775 ملازمین متحرک ہیں۔ معاون وزیراعلی کامران بنگش نے کہا کہ گزشتہ سال پشاور شہر سے 14 ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں تھیں جبکہ اس سال زیادہ گند ٹھکانے لگائیں گے۔ اس حوالے سے ہیوی مشینری سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ تاکہ تمام صوبے میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال بہترین ہو۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش نے عیدالاضحیٰ کے تین دن فیلڈ میں ڈیوٹی دینے کے متعلق کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی خصوصی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں 134 تحصیل میونسپل انتظامیہ، ڈبلیو ایس ایس کمپنیز اور ٹاون انتظامیہ صفائی اور صحت مندانہ ماحول برقرار رکھنے کی خاطر فیلڈ میں مصروف عمل ہیں۔ جبکہ میں نے خود بھی اپنی چھٹیاں منسوخ کی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آلائشیں اٹھانے اور گند ٹھکانے لگانے کے علاوہ عوام میں آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔