وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاؤن خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں اکیڈیمیا کے ساتھ مل کر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت نوجوانوں کو برسرروزگار کیا جائے، اور عوامی خدمات کی فراہمی بھی جلد از جلد ہو۔ ہماری حکومت کی روز اول سے کوشش ہے کہ بین الاقوامی معیار کی جدید ٹیکنالوجی صوبے میں متعارف کی جائے تا کہ طلباء و طالبات جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں غلام اسحق خان انسٹیٹوٹ سے ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر وسیم خان کی سربراہی میں آئے ہوئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے سپانسرڈ پراجیکٹس ٹیکنکل انکیوبیشن سنٹر اور فنکشنل ریورس انجینئرنگ کے حوالے سے اب تک ہونے والے پیشرفت و کارکردگی سے آگاہ کیا۔
دیگر جامعات تک فیبریکیشن لیبارٹریز کا دائرہ کار بڑھانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کامران بنگش نے ہدایات جاری کیں کہ ایک ماڈل فیبریکیشن لیب بنا دی جائے تا کہ اس ماڈل کو دیگر جامعات میں اپنایا جائے، جس سے دیگر جامعات کے وہ طلباء جو سائنس و انفارمیشن سے جڑے ہیں مستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں خیبرپختونخوا س وقت میں سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لحاظ سے تیسرے نمبرپر ہے، جبکہ ہماری کوشش ہے کہ اس کو مزید بہتر بناکر پہلی پوزیشن پر آجائیں۔ ون سٹاپ سلوشن کی جانب محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پیش رفت انتہائی حوصلہ افزاء ہے۔ اور بہت جلد ایک چھت کے نیچے عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنالیں گے۔ جبکہ ہماری توجہ صرف پشاور پر نہیں بلکہ دیگر اضلاع پر بھی تومرکوزہے۔ کامران بنگش نے واضح کیا، کہ خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی طرز کی فیبریکیشن لیبارٹری کے قیام کے لئے رائرسن یونیورسٹی فرانس سے تکنیکی مدد لی جائے، جس سے مطلوبہ عمل بروقت پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ملاقات میں مشیر خصوصی کو ٹیکنکل انکیوبیشن سنٹر اور فنکشنل ریورس انجینئرنگ پراجیکٹس بارے درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔جس پر انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا، کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کریں گے، تاکہ حقیقی تبدیلی جلد از جلد محسوس ہو۔ وفد نے صوبائی مشیر کامران بنگش کا شکریہ ا دا کرتے ہوئے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی عوام دوست کارکردگی کی تعریف کی۔