نئے ضم شدہ اضلاع کے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نئے ضم شدہ اضلاع کے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سکولوں میں پیرنٹ ٹیچر کونسل (پی ٹی سی) کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم ندیم اسلم چوہدری، ڈائریکٹر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، چیف پلاننگ آفیسر حشمت علی اور نئے ضم شدہ اضلاع کے تمام تعلیمی سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے ہدایت جاری کی کہ نئے ضم شدہ اضلاع کے سکولوں میں پی ٹی سی کے تحت جاری تمام ترقیاتی کاموں کو جاری چھٹیوں میں مکمل کروایا جائے تاکہ سکول کھولتے وقت بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تعمیراتی کاموں کے فنڈنگ کے حوالے سے تمام اضلاع کے رپورٹس محکمے کو بروقت ارسال کی جائے تاکہ اسی کے مطابق آگے کے لائقہ عمل پر جلد از جلد پیش رفت کی جاسکے۔

اکبر ایوب خان نے ضلعی آفسران کو ہدایت کی کہ سکولوں میں ترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں کی الاٹمنٹ میں میرٹ اور شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے اور کوئی بھی ترقیاتی کام بغیر میرٹ کے کسی ٹھیکدار کو حوالہ نہ کیا جائے، غلطی اور کوتاہی کی صورت میں متعلقہ ضلعی آفیسر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی آفسران کو آگاہ کیا کہ یہ اضلاع اب ہمارے صوبے کا حصہ ہیں اور ان میں جاری تمام کاموں کا باقاعدہ آڈٹ کروایا جائے گا تاکہ ان اضلاع کے لیے مختص فنڈز کا صحیح استعمال کیا جاسکے۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ سکولوں میں تعمیراتی کاموں کو اپنی زیر نگرانی میں رکھے اور روزانہ کی بنیاد پر کاموں کا معائینہ کرنے کیلئے سکولوں کا وزٹ کریں تاکہ کوالٹی اور معیار کو برقرار رکھا جاسکے۔ اور سکولوں میں کمروں اور پلے گراونڈ کی تعمیر میں احتیاط اور عقلمندی سے کام لیا جائے تاکہ مستقبل میں دوسرے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے ان کو پر گرانا نہ پڑے۔