وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا وباءکے خلاف برسر پیکار تمام فرنٹ لائن ورکرز بشمول طبی عملے، پولیس ، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وباءکے خلاف حکومت ، انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ کوششیں عزم و ہمت ، حوصلے ، جذبے ، خدمت اور قربانیوں کی داستان ہے ، جس پر ہم سب کو بجا طور پر فخر ہے۔ اُنہوںنے کہاکہ کورونا کی صورتحال میں دوسروں کی جانیں بچانے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے طبی عملے کی قربانیوں کو ہمیشہ کیلئے یادرکھا جائے گا اورہم اُن کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا وباءکے پھیلاﺅ کو روکنے اورلوگوں کی جانوں کو محفوظ بنانے کیلئے چیف سیکرٹری سے لے کر اسسٹنٹ کمشنر تک ، آئی جی پی سے لیکر پولیس سپاہی تک تمام سرکاری اہلکاروں ، محکموں ، طبی عملے، ریسکیو ورکرز، میونسپل ورکرز، نجی تنظیموں، منتخب عوامی نمائندوں، میڈیا ورکرز الغرض ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کردار لائق تحسین ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں کورونا وباءکے خلاف 100 روزہ قومی جدوجہد کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔اُنہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی وژنری قیادت میں حکومت شروع دن سے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں وفاقی سطح پر قائم نیشنل کوآرڈنیشن کونسل اور نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سنٹر کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان اداروں نے وفاق کی تمام اکائیوں اور متعلقہ تمام اداروں کو ساتھ لے کرایک متفقہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے صوبائی سطح پر قائم صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے کردار کی بھی تعریف کی ۔ کورونا وباءکو اﷲ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے عوام نے ہرآزمائش میں ہمیشہ ہمت ، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہر ہ کیا ہے ۔