وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے کورونا کے خلاف خیبرپختونخوا کے عظیم عوام اور سرکاری و غیر سرکاری ملازمین کی جانب سے 100 دن کی بہترین عزم و ہمت دکھانے کے سلسلے میں پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے ممبران کو ذاتی حفاظت کے کٹس دئیے۔ اس موقع پر پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن کی صدر صائمہ مجید بھی موجود تھیں۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے پبلک ہیلتھ ایسوسی ایشن کے 50 ممبران کو ذاتی حفاظت کے کٹس دیتے ہوئے کہا صوبائی حکومت کی اولین کوشش ہے کہ ہر قیمت پر فرنٹ لائن ورکرز کی حفاظت ممکن بنائی جائے۔ کیونکہ کورونا کے خلاف انہی ورکرز کی وجہ عوام محفوظ ہیں۔ معاون بلدیات نے واضح کیا کہ انتہائی کم وسائل اور وقت میں محکمہ بلدیات، ڈاکٹرز، صحافی، پولیس اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے کورونا کے خلاف کارروائی جاری رکھی جن کے خاطر خواہ نتائج سب کے سامنے ہیں۔ واضح رہے کہ معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے اس سے پہلے ٹاون 01 ہال پشاور میں بھی صفائی عملے کے ساتھ وقت گزارا اور وہاں ڈیوٹی پر موجود ملازمین میں پھول بھی تقسیم کئے۔